ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لوک سبھا انتخابات کے نتائج کو لے کر میسور،منڈیا میں سٹہ بازی کا بازار گرم

لوک سبھا انتخابات کے نتائج کو لے کر میسور،منڈیا میں سٹہ بازی کا بازار گرم

Sun, 21 Apr 2019 11:09:52    S.O. News Service

میسورو،21؍اپریل (ایس او نیوز) 18؍اپریل کو ہوئے میسور وکورگ اور منڈیا پارلیمانی حلقے میں انتخابی نتائج کے تعلق سے میسور اور منڈیا میں سٹہ بازی کا بازار کافی گرم ہے اور لوگ منڈیا پارلیمانی حلقے کی آزاد امیدوار اداکارہ سمالتا کی جیت پر کافی روپیہ لگارہے ہیں۔ صرف نقد رقم نہیں بلکہ زمینات ،ٹریکٹر ،موٹر گاڑیوں کے علاوہ کھیتی کے استعمال کئے جانے والے بیل اور گائے تک داؤپر لگائے جارہے ہیں۔ منڈیا ضلع کے مدور تعلقہ کے ایک باشندے جنہوں نے پہلی مرتبہ اپنا ووٹ ڈالا ، بتایا کہ ایسی سٹہ بازی زندگی میں پہلی مرتبہ دیکھی ہے اورمیں نے بھی سمالتا کی جیت پر5؍لاکھ روپئے کی بیٹنگ کی ہے۔ اس کے علاوہ سمالتا کی ایک لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے جیت پر بھی 1؍لاکھ روپئے لگائے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے دوران پارٹی ورکروں نے ووٹروں کو جو روپئے دیئے تھے۔ ووٹروں نے یہ رقم بچاکر رکھی تھی۔ اب رقم جوے میں لگارہے ہیں۔ مدور کے قریب ایک گاؤں کے ووٹر جئے رام نے سمالتا کی جیت پر اپنی ایک ایکڑ کی زمین داؤ پر لگادی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں جنتادل سکیولر کے طرفدار کے ساتھ شرط لگائی ہے۔ منڈیا تعلقہ کے ایک کسان نے سمالتا کی جیت پرایک لاکھ روپئے کی شرط لگائی ہے۔ جب کہ چکناہلی گاؤں کے ایک کسان نے 80؍ہزار روپئے داؤ پر لگائے ہیں۔ صرف منڈیا کے مقامی لوگ ہی نہیں بلکہ میسور اور بنگلور سے بھی لوگ یہاں آکر شرطیں لگارہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی پولیس کو منڈیا اور میسور میں ہورہی سٹہ بازی کا علم ہے مگر پولیس چشم پوشی کئے ہوئے ہے۔ ضلع کے کئی پولیس افسروں نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ میسور اور منڈیا شہروں میں لوک سبھا انتخابات کے نتائج کو لے کر سٹہ کا بازار گرم ہے۔ چونکہ اس سلسلے میں کوئی شکایت نہیں ملی ہے وہ کچھ نہیں کرسکتے اگر شکایت کی گئی تو ضرور کارروائی کی جائے گی۔ 


Share: